Saturday, July 27, 2019

اخبار الجماعت 16-2019


اخبار الجماعت

امیر محترم کا خطبہ جمعۃ المبارک وتقریب حلف برداری
امیر محترم پروفیسر سینیٹر ساجد میر حفظہ اللہ‘ شیخ الحدیث مولانا عبدالرشید مجاہد آبادی‘ صاحبزادہ حافظ عبدالرؤف رئیس وناظم جامعۃ الدراسات الاسلامیہ ہربنس پورہ لاہور اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع لاہور کی دعوت قبول فرماتے ہوئے مرکز ام الہدیٰ کی وسیع وعریض جامع مسجد اہل حدیث میں تشریف لائے اور 29 مارچ 2019ء کا خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ قبل ازیں سوا بارہ بجے ہربنس پورہ پل پر علماء کرام‘ جماعتی ذمہ داران‘ اہل حدیث یوتھ فورس اور اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن کے سینکڑوں کارکنوں نے فلک شگاف نعروں میں امیر محترم کااستقبال کیا اور بڑی ریلی کی صورت میں مرکز ام الہدیٰ پہنچے۔ مرکز کے مین گیٹ پر شیخ الحدیث مولانا عبدالرشید مجاہد آبادی‘ صاحبزادہ حافظ عبدالرؤف‘ صاحبزادہ عبدالباقی‘ مولانا ابوبکر سلفی‘ حافظ محمد یٰسین طٰہٰ نے استقبال کیا۔ ریلی کی قیادت مولانا مشتاق احمد فاروقی امیر ضلع‘ ڈاکٹر محمد ابراہیم سلفی ناظم ضلع‘ حافظ محمد اشرف قمر ناظم مساجد‘ مولانا عبدالرحمن زاہد امیر عزیز بھٹی ٹاؤن‘ مولانا قاری محمد دین سلفی امیر واہگہ ٹاؤن‘ رانا محمد اسلم ظہیر‘ رانا محمد شاہد ناظم سیاسی امور‘ عبدالقدیر فاروقی صدر ASF‘ حافظ عبیداللہ ارشد صدر AYF لاہور کر رہے تھے۔ خطبہ جمعہ کے دوران تین کنال رقبہ پر مشتمل مسجد ام الہدیٰ تنگئ داماں کا سماں پیش کر رہی تھی۔ بعد ازاں امیر محترم نے ضلع لاہور کی نامزد قیادت وکابینہ سے حلف لیا۔ تقریب حلف براری میں محترم جناب شیخ الحدیث مولانا عبدالرشید صاحبزادہ حافظ عبدالرؤف‘ حاجی عبدالرزاق ناظم مالیات مرکزیہ‘ حاجی محمد فاروق‘ مولانا ابوبکر صدیق سلفی‘ پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی‘ رانا عبدالوحید‘ ڈاکٹر رانا محمد تنویر قاسم مہمان خصوصی تھے۔ حلف برداری میں مولانا مشتاق فاروقی امیر ضلع‘ ڈاکٹر محمد ابراہیم سلفی ناظم ضلع‘ حافظ امان اللہ مدنی ناظم مالیات‘ پروفیسر شہباز حسن سرپرست‘ پروفیسر مطیع اللہ باجوہ سینئر نائب امیر‘ حافظ محمد اشرف قمر ناظم مساجد‘ حافظ محمد یٰسین طٰہٰ ناظم تبلیغ‘ مولانا قاری گلزار احمد ساقی نائب ناظم تبلیغ‘ مولانا رانا محمد اسلم ظہیر‘ نائب ناظم تبلیغ‘ قاری حبیب اللہ ساقی نائب ناظم‘ دانش جاوید نائب ناظم مالیات‘ حافظ محمد مصطفی صادق نائب امیر‘ قاری منظور سلفی نائب ناظم‘ حافظ محمد سعید میڈیا ایڈوائزر‘ حاجی عبدالرؤف مغل نائب ناظم مالیات‘ صاحبزادہ حافظ عبدالرؤف نائب امیر‘ قاری اکرام الحق عاصم نائب امیر‘ پروفیسر حافظ محمد بلال حماد نائب ناظم‘ حافظ عبدالباسط حسان نائب ناظم‘ حافظ عبدالوحید ناظم طبع وتالیف‘ پروفیسر ڈاکٹر قدرت اللہ نائب ناظم طبع وتالیف‘ شاہد رسول ناظم نشر واشاعت نے حلف اٹھایا۔ بعد ازاں انتظامیہ جامعہ الدراسات الاسلامیہ ہربنس پورہ کی طرف سے پر تکلف اور شایان شان ضیافت کی گئی۔ آخر میں جامعہ مذکورہ کے بیسمنٹ میں امیر محترم نے اپنے دست مبارک سے مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع لاہور کے دفتر کا افتتاح کیا اور دعا خیر سے اس پر شکوہ تقریب کا اختتام ہوا۔
امیر پنجاب پروفیسر عبدالستار حامد﷾ کی سرگودھا آمد
7 اپریل بروز اتوار دن 10 بجے ضلعی اجلاس مرکزی جمعیت اہل حدیث اور اہل حدیث یوتھ فورس کے کارکنان وذمہ داران سے ملاقات اور تنظیمی وابستگی اور جماعتی زندگی کے فوائد پر مدلل گفتگو کرتے ہوئے شرکاء اجلاس سے خطاب کیا۔ امیر پنجاب کی موجودگی میں ضلعی سالانہ کارکردگی رپورٹ اور آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا گیا جس پر امیر پنجاب نے اطمینان کا اظہار فرما کر مزید آراء تجاویز سے نوازا ۔ اجلاس کے بعدسلانوالی شہر میں الحرمین ٹاؤن میں امیر پنجاب نے اپنے ہاتھوں سے جامع مسجد ایوب اہل حدیث ومرکز سعد کاسنگ بنیاد رکھا اور دعا کروائی۔ سنگ بنیاد کے موقع پر ضلعی امیر مولانا سرفراز احمد‘ ضلعی ناظم حافظ عبدالغفور‘ ضلعی خازن چوہدری عبدالخالق‘ ضلعی صدر AYF مولاناکاشف علی‘ ناظم تبلیغ AYF پنجاب حافظ مظہر الاسلام‘ چوہدری حامد ودیگر احباب جماعت بھی موجود تھے۔ … (منجانب: شعبہ نشر واشاعت ضلع سرگودھا۔)
آراڑا تحصیل خوشاب میں جامع مسجد کنز الاسود کا افتتاح
الحاج میاں فضل حق رحمہ اللہ کا خاندان اس اعتبار سے بڑا خوش قسمت اور خوش نصیب ہے کہ میاں صاحب اپنی زندگی میں بہت سے مدارس ومساجد کی کفالت کرتے رہے۔ میاں صاحب ان خوش قسمت لوگوں میں سے ہیں کہ جن کی آل بھی ان ہی کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کے دونوں بیٹے بھی زندگی بھر اپنا مال اللہ کی راہ میں خرچ کرتے رہے اور جامعہ سلفیہ فیصل آباد سمیت بے شمار مدارس ومساجد کی کفالت کرتے رہے۔ اب ماشاء اللہ میاں صاحب کی تیسری نسل بھی اسی راہ پر گامزن ہے۔ میاں نعیم الرحمن رحمہ اللہ کے فرزند میاں محمد فضل حق ثانی اور میاں عطاء الرحمن طارق کے فرزند میاںحسن طارق اور میاں بلال طارق بھی اپنے دادا کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ سرپرست ضلع خوشاب میاں بلال طارق سادہ طبیعت کے مالک ہیں‘ کم گو‘ ہنس مکھ اور علماء کے قدر دان اور اپنے مسلک اہل حدیث کے شیدائی اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے آراڑا تحصیل خوشاب کنز الاسود مائنز پر ایک خوبصورت مسجد کنز الاسود کے نام سے تعمیر کروائی ہے۔ مورخہ 10 جنوری 2019ء بروز جمعرات مسجد کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا حسن یہ ہے کہ اس میں جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے پرنسپل جامعہ سلفیہ پروفیسر یٰسین ظفر‘ شیخ الجامعہ حافظ مسعود عالم‘ استاذ العلماء الشیخ ادریس سلفی‘ وفاق المدارس السلفیہ کے مدیر الشیخ یونس بٹ اور طلبہ دین کے مربی خاص پروفیسر نجیب اللہ طارق خصوصی طور پر تشریف لائے۔ افتتاح میں نماز ظہر کی امامت حافظ مسعود عالم صاحب نے کرائی اور بعد از ظہر تقریب کا آغاز قاری نویدالحسن مدرس جامعہ سلفیہ کی تلاوت سے ہوا۔ پروفیسر یٰسین ظفر نے اپنی تقریر میں کہا کہ میاں فضل حق رحمہ اللہ خوش قسمت ہیں کہ ان کی تیسری نسل بھی دین کے کاموں میں مصروف ہے۔ مسجد کنز الاسود اہل حدیث کی تعمیر جہاں میاں بلال طارق کے لیے بہترین صدقہ جاریہ ہے وہاں ان کے آباؤ اجداد کے لیے بھی صدقہ جاریہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو میاں فضل حق کے خاندان کے لیے بلندی درجات اور اخروی نجات کا ذریعہ بنائے۔ شیخ الجامعہ حافظ مسعود عالم نے مسجدکی اہمیت وفضیلت پر تفصیل سے روشنی ڈالی‘ جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے لے کر ملک کے دور دراز علاقوں میں مساجد ومدارس کی تعمیر اور ان کی کفالت میاں فضل حقؒ کی حسنات جمیلہ میں سے ہیں۔ بہت خوشی ہوئی کہ میاں صاحب کا پوتا میاں بلال طارق بھی اپنے آباء کی طرح خیر کے کاموں خصوصا دین کی اشاعت کے لیے کوشاں رہتا ہے۔ خوبصورت مسجد کنز الاسود اس کی بہترین مثال ہے۔جناب حافظ مسعود عالم حفظہ اللہ کی دعا سے تقریب کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا۔ اس کے بعد تمام مہمانوں کے لیے پر تکلف کھانے کا اہتمام تھا۔ کھانے کے بعد میاں بلال طارق کی طرف سے کنز الاسود مائنز کے تین سو ملازمین میں گرم چادریں تقسیم کی گئیں اور جامعہ سلفیہ کے شیوخ کو قیمتی ملبوسات‘ خوشبویات اور خوشاب کی سوغات ڈھوڈا کے تحائف دیئے گئے اور بہت ساری دعاؤں اور شکریہ کے ساتھ شیوخ الجامعہ کو الوداع کیا گیا۔ اس پروقار اور خوبصورت تقریب میں شیوخ الجامعہ اور دیگر سینکڑوں لوگوں کے علاوہ ضلع بھر سے احباب جماعت میاں بلال طارق سرپرست مرکزی جمعیت اہل حدیث خوشاب وAYF ضلع خوشاب کی خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔
جامعہ علمیہ للبنات سرگودھا میں تقریب بخاری
حضرت مولانا محمد صدیق سرگودھویؒ تلمیذ حافظ محمدعبداللہ محدث روپڑی نے جامعہ علمیہ کی بنیاد رکھی۔ ان کے فرزند ارجمند پروفیسر عبیدالسلام نے آبیاری کی۔ ان کی وفات کے بعد مفتی جی کے داماد حاجی عبدالجبار کے زیر اہتمام جامعہ علمیہ للبنات ترقی کی طرف رواں دواں ہے۔ تقریبا 150 سے زائد بچیاں زیر تعلیم ہیں۔ ہر سال دس کے لگ بھگ بچیاں تکمیل تعلیم کے بعد معاشرہ میں امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے فریضہ میں سرگرم عمل ہیں اور آ۔ادی نسواں کے مضر اثرات کو زائل کر رہی ہیں۔31 مارچ 2019ء کو جامعہ علمیہ للبنات میں تقریب بخاری منعقد ہوئی جس میں مسجد توحید کے خطیب اور جامعہ رحمانیہ کے مدرس مولانا عبداللہ سلیم نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ قاری اویس قرنی کی تلاوت سے تقریب کا آغاز ہوا۔امسال نو بچیوں نے تکمیل بخاری سے فراغت حاصل کی جنہوں نے پر اعتماد لہجہ اور صحیح تلفظ سے عربی متن ادا کیا۔ میرے قریب بیٹھے ساتھیوں نے فرط شوق سے اظہار کیا کہ اللہ کرے کہ میری بیٹی بھی ان کی طرح عالمہ بن جائے۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر عبدالستار حامد امیر پنجاب نے حجیت حدیث‘ امام بخاریؒ کی سیرت‘ جامع بخاری کا تعارف پیش کرنے کے بعد آخری حدیث پر عالمانہ درس دیا کہ روز محشر نیکیوں کا ترازو میں وزن کیا جائے گا جس کے عمل میں خلوص اور للہیت کا غلبہ ہو گا۔ اس کا وزن بھاری ہوتا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر حفظ قرآن کی تین اور جامع صحیح بخاری سے فراغت حاصل کرنے والی نو طالبات کے سر پرستوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس پر وقار تقریب میں میاں عبدالغفار آزاد ناظم شعبہ خدمت پنجاب میاں طاہر محمود ناظم سٹی کے علاوہ حافظ عبادالسلام‘ حاجی عبدالستار‘ شیخ سہیل‘ مرزا منیر احمد‘ عبدالحمید باجوہ‘ حافظ حسان عبید اور حافظ حماد شاکر نے شرکت کی۔ چونکہ اسی روز متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام تحفظ ناموس رسالت ملین مارچ تھا جس میں امیر محترم پروفیسر ساجد میرحفظہ اللہ نے شرکت کی۔ ان کے استقبال کی وجہ سے سید سبطین شاہ نقوی رئیس جامعہ بخاری اور عرفان اللہ ثنائی امیر سٹی ودیگر جماعتی معززین شرکت نہ کر سکے۔ البتہ طالبات کے سرپرستوں اور مقامی جماعت کے کثیر احباب نے بھر پور شرکت کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر حافظ عبدالستار حامد کے دعائیہ کلمات سے تقریب اختتام پذیر ہوئی اور احباب کی خدمت میں پر تکلف ظہرانہ پیش کیا گیا۔
اعلان نامزدگی
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر جناب سینیٹر پروفیسر ساجد میر حفظہ اللہ نے رانا نصر اللہ خاں اور امتیاز احمد مجاہد کی بجائے پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم سلفی‘ پروفیسر ڈاکٹر مطیع اللہ باجوہ کو مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا رکن نامزد کیا ہے۔ (حافظ بابر فاروق رحیمی، ناظم دفتر)
امیر لاہور کینٹ نامزدگی
محترم جناب مولانا مشتاق احمد فاروقی امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع لاہور نے جناب مولانا محمد عابد ربانی کو امیر کینٹ لاہور اور جناب مولانا حافظ صمصام بخاری کو ناظم کینٹ لاہور اور جناب مولانا عطاء اللہ کو ناظم مالیات کینٹ‘ مولانا عبدالرحیم عزیزی کو ناظم تبلیغ کینٹ لاہور نامزد کیا ہے۔ (ڈاکٹر محمد ابراہیم سلفی)
درخواست برائے دعائے صحت
گذشتہ دنوں مرکزی جمعیۃ اہل حدیث رچند ضلع شیخوپورہ کے سرگرم کارکن اور مرکزی جامع مسجد اہل حدیث رچند کے صدر جناب چوہدری اشتیاق احمد کمبوہ گر پڑے اور بازو فریکچر ہو گیا۔کافی دن ہسپتال رہے اور اب گھر منتقل ہو چکے ہیں۔ وہ اب روبصحت ہیں۔ قارئین کرام موصوف کی جلد شفایابی کے لیے دعا فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ انہیںشفائے کاملہ وعاجلہ عطا فرمائے۔ آمین!
سپاس تعزیت
امید ہے کہ آپ سب خیریت سے ہوں گے۔ گذشتہ دنوں میرے بڑے بھائی میاں محمد عتیق الزماں (میاں انٹرپرائزز اردو بازار والے) کے انتقال پر آپ سب نے جس محبت اور عقیدت کا اظہار کیا اس کے لیے میں آپ سب کا شکر گذار ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سب کو اپنے حفظ وامان میں‘ ہر طرح کی پریشانی‘ دکھ‘ تکلیف سے محفوظ‘ صحت وتندرستی کے ساتھ رکھے اور خاتمہ بالایمان فرمائے۔ آمین!


No comments:

Post a Comment

شرعی احکام سے آگاھی کے حصول کیلئے سبسکرائب کریں

تحریری میسج کریں

Name

Email *

Message *

استمع تلاوة القرآن الكريم

تازہ خطبہ جمعۃ (پنجابی)