Sunday, July 07, 2019

اخبار الجماعہ 26/2019


اخبار الجماعہ

سعودیہ پر حملہ پاکستان پر سمجھا جائے گا‘ سعودی عرب خطے کو درپیش خطرات کے سامنے ڈھال ہے: امیر محترم
لاہور۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرd نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر حملہ پاکستان پرحملہ سمجھا جائے گا۔  مرکزاہل حدیث ۱۰۶ راوی روڈ میں ’’سعودی عرب کا عالم اسلام کے لیے قائدانہ کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھاکہ سعودی عرب کو لاحق خطرات پاکستان کو درپیش خطرات کے مترادف ہیں۔ میزائل حملے صرف سعودی عرب پر نہیں کیے جارہے بلکہ علاقائی سلامتی پر بھی کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے سعودی قیادت کو یقین دلایا کہ سعودی عرب کو درپیش قومی سلامتی کے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے پاکستانی قوم سعودیہ کے ساتھ کھڑی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تہران کا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔حوثیوں کو میزائل فراہم کرنے کے جرم میں ایران کو قانون کے کٹہرے میں لاناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں استحکام کی علامت اور خطے کو درپیش خطرات کے سامنے ڈھال ہے۔ سعودیہ نے ہردور میں علاقائی خطرات کے انسداد کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ خادم حرمین شاہ سلمان کی دانش مندانہ اور جرأت مندانہ پالیسیوں سے خطے میں امن اور خوش حالی کے فروغ کے لیے سعودی عرب نے ہمیشہ دوسرے ممالک کے مفادات کے لیے کام کیا ہے۔
آہ! علم حدیث کا ایک روشن ستارہ اَور غروب ہو گیا
میاں سید نذیر حسین محدث دہلوی سے بیک واسطہ اجازہ حدیث کے حامل شیخ الحدیث مولانا حکیم محمد اسرائیل ندوی سلفی ہریانہ نہ رہے ۔ بڑے ہی رنج والم کے ساتھ یہ خبر دی جارہی ہے کہ جماعت اہل حدیث ہند کی ایک بزرگ اور معتبر شخصیت شیخ الحدیث مولانا حکیم محمد اسرائیل ندوی سلفی، جھانڈہ ہریانہ (انڈیا) آج بتاریخ ۲جولائی ۲۰۱۹ء بروز منگل صبح سویرے اللہ کو پیارے ہوگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اللھم اغفر لہ وارحمہ وعافہ واعف عنہ۔
مرکز تاریخ اہل حدیث ممبئی وبڑھنی کے دستاویزی ریکارڈ کے مطابق آپ کی پیدائش سنہ ۱۹۲۴ء کو ہریانہ کے ضلع فریدآباد کے ایک مشہور گاوں جھانڈہ میں ہوئی۔ آپ کے والد حاجی محمد ابراہیم متوفی ۱۹۸۴ء ایک صالح اور پرہیزگار آدمی تھے۔ ابتدائی تعلیم جھانڈہ، شکراوہ اورکوٹ میں حاصل کی، عربی اور دینیات کی اعلیٰ تعلیم جامعہ سلفیہ شکراوہ میوات، دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، اور دارالعلوم دیوبند اور دہلی کے مشاہیر اہل علم سے حاصل کی، آپ کے اساتذہ میں (۱) شیخ الحدیث مولانا عبدالجبار شکراوی، تلمیذ شیخ الحدیث مولانااحمد اللہ پرتاپ گڑھی۔ (۲) شیخ الحدیث مولانا عبدالحکیم زیوری‘ تلمیذ میاں سید نذیر حسین محدث دہلوی ہیں۔ موصوف مصنف کتب کثیرہ اور بے شمار خوبیوں کے مالک تھے۔ رب ذوالجلال سے دعا ہے کہ وہ مولانا مرحوم کی بشری لغزشوں سے در گذر فرمائے۔ ان کی حسنات کو شرف قبولیت بخشے اور دین ومسلک کے لیے ان کی جملہ مساعی کو ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے۔ آمین! (ادارہ)
حضرت  الامیر  سینیٹر  پروفیسر  ساجد  میر حفظہ اللہ کی  کینیڈا  روانگی
امیر محترم سینیٹر پروفیسر ساجد میرd ۲ جولائی کو نجی دورے پر کینیڈا پہنچ گئے۔ ٹورانٹو ائیر پورٹ پرمدیر اعلیٰ ہفت روزہ اہل حدیث جناب بشیر انصاریd اور ان کے صاحبزادوں جناب طارق بشیر‘ جناب خالد بشیر‘ جناب جمیل انصاری ودیگر احباب جماعت نے امیر محترم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ امیر محترم کینیڈا میں جہاں اپنے صاحبزادے اور فیملی کے ساتھ کچھ وقت گزاریں گے وہاں جماعتی احباب‘ انٹرنیشل اسلامک آرگنائزیشنز کے ذمہ دران سے ملاقاتوں کے علاوہ مختلف مساجد میں خطبات جمعہ اور لیکچرز بھی ارشاد فرمائیں گے۔ ان شاء اللہ! ہم امیر محترم کے سفر وحضر میں ان کی صحت وعافیت کے لیے دعا گو ہیں۔
وفاق المدارس السلفیہ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان
وفاق المدارس السلفیہ پاکستان نے اپنے سالانہ امتحانات 1440ء بمطابق 2019ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سال سالانہ امتحانات کے تمام مراحل جس میں ثانویہ عامہ‘ خاصہ‘ عالیہ اور عالمیہ میں امیدواران کی کل تعداد 23895 تھی اور کامیابی کا مجموعی تناسب 88% فیصد رہا۔ امتحانات کے لیے پورے پاکستان میں 233 امتحانی مراکز قائم کیے گئے۔ جس کے لیے نگران عملہ کی تعداد 743 تھی۔ امتحانات میں طلبہ کے علاوہ طالبات بھی شامل تھیں۔ وفاق المدارس السلفیہ واحد امتحانی بورڈ ہے جس کے سوالیہ پرچے (TCS) کے ذریعے امتحانی سنٹر تک پہنچائے جاتے ہیں۔ جس کی وجہ سے پورے امتحان میں پرچہ آؤٹ ہونے کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ امتحان میں نگران عملہ کے  علاوہ 10 معائنہ ٹیمیں بھی مقرر کی گئی تھیں جو مختلف امتحانی سنٹروں کی چیکنگ کرتی رہیں۔ پورے پاکستان میں امتحانات نہایت شفاف ماحول میں منعقد ہوئے۔ پرچوں کی مارکنگ کے لیے بھی اساتذہ کرام کی بڑی تعداد وفاق المدارس السلفیہ کے مرکزی دفتر میں تشریف لائی اور کڑی نگرانی میں یہ کام ہوتا رہا۔ مارکنگ شدہ پرچوں کی پڑتال کے لیے ممتاز علماء موجود تھے۔ اس طرح مارکنگ کا عمل اہم مراحل سے گزرتا ہے تا کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔
سالانہ امتحانات 15 اپریل سے 25 اپریل 2019ء تک منعقد ہوئے۔ دوران امتحان تمام امتحانی مراکز کا ماحول نہایت پرسکون رہا۔ وفاق المدارس السلفیہ کے صدر امیر محترم علامہ ساجد میر حفظہ اللہ نے امتحانات کے کامیاب انعقاد پر وفاق المدارس کے عملہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ جبکہ امتحانات میں کامیاب طلبہ وطالبات اور ان کے تعلیمی اداروں کو دلی مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی طلبہ پوری محنت سے اپنی پڑھائی پر توجہ دیں گے۔
سالانہ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس السلفیہ پاکستان چوہدری محمد یٰسین ظفر نے بتایا کہ امتحانات میں سوالات مقرر کردہ کورس سے آتے ہیں اور تمام امتحانی انتظامات میں بہت رازداری سے کام لیا جاتا ہے۔ امتحانی کمیٹی کے علاوہ کسی کو کانوں کان خبر نہیں ہوتی حتی کہ مرکزی ذمہ داران بھی اس سے آگاہ نہیں ہوتے۔ اس قدر شفاف امتحان سرکاری بورڈ میں بھی ممکن نہیں۔ انہوں نے ان تمام انتظامات پر وفاق کے عملے کو شاباش دی اور کامیاب طلبہ وطالبات کو مبارکباد پیش کی۔ ناظم امتحانات پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی صاحب نے سالانہ نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی ضمنی امتحانات کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا اور بتایا کہ ضمنی امتحانات کے لیے داخلہ فارم 13جولائی 2019ء تک وصول کیے جائیں گے۔ ڈبل فیس کے ساتھ 20 جولائی 2019ء تک وصول کیے جائیں گے۔ جبکہ ضمنی امتحان 16 ستمبر 2019ء سے شروع ہوں گے۔… (ادارہ وفاق المدارس السلفیہ پاکستان)
مرکزی جمعیت وAYF خوشاب کا ماہانہ اجلاس
مرکزی جمعیت واہل حدیث یوتھ فورس کا مشترکہ ماہانہ اجلاس مورخہ 23 جون بروز اتوار دن 10 بجے جامع مسجد ریاض الجنہ اہل حدیث جوہر آباد میں امیر ضلع مولانا دلدار عاجز کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز مولانا نبیل صاحب کی تلاوت سے ہوا۔ سابق اجلاس کی کارروائی اور رمضان المبارک میں جماعتی کارکردگی رپورٹ پروفیسر احسان اللہ فاروقی نے پیش کی اور بتایا کہ خطبات جمعہ کے علاوہ الحمد للہ دو ہزار سے زائد دروس ہوئے جو ہمارے علماء کرام کی قرآن وسنت کے ساتھ وابستگی اور اس کی تبلیغ میں دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔ اجلاس میں مرکزی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ سعودی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ ماہ جولائی کے لیے 27 تبلیغی پروگرام ترتیب دیے گئے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کی ضلعی مجلس شوریٰ کی از سر نو تشکیل کا فیصلہ ہوا جس کے لیے تمام یونٹس کو آگاہ کر دیا گیا کہ آئندہ ماہ ماہانہ اجلاس سے پہلے اراکین شوریٰ کے نام پروفیسر احسان اللہ فاروقی کے ہاں پہنچا دیں۔ ضلعی مجلس شوریٰ کی تعداد ایک سو مقرر کی گئی ہے۔ دوسرے اضلاع سے آنے والے مدارس ومساجد کے سفراء کے لیے فیصلہ ہوا کہ ضلع خوشاب میں سے چندہ کے لیے مولانا شکیل اصغر ڈار صدر AYF ضلع خوشاب سے تزکیہ حاصل کرنا ضروری ہو گا۔ اس کے بغیر کسی بیرونی سفیر کو ضلع خوشاب کی کسی مسجد میں چندہ کی اپیل کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور صرف اسی ادارہ کے لیے تزکیہ جاری کیا جائے گا جس کی وابستگی مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ساتھ ہو گی۔ اپنے ضلع کے امیر کا تزکیہ اور ہفت روزہ اہل حدیث کی سالانہ زر تعاون کی رسید بھی پیش کرنا ہو گی بصورت دیگر معذرت ہو گی۔ نماز ظہر تک اجلاس جاری رہا۔ نماز ظہر کے بعد مولانا حبیب الرحمن یزدانی نے جماعتی وابستگی اور اجتماعیت کی اہمیت کے موضوع پر 10 منت کا لیکچر دیا‘ اس کے بعد میاں بلال طارق صاحب کی طرف سے عید ملن پارٹی دی گئی جس میں میاں صاحب کی طرف سے پر تکلف کھانا پیش کیا گیا۔اس موقع پر امیر ضلع مولانا دلدار عاجز نے کہا کہ آج تو بڑے میاں صاحبان میاں فضل حق‘ میاں عطاء الرحمن طارق اور میاں نعیم الرحمن طاہر رحمہ اللہ علیہم کی یاد تازہ ہو گئی۔ صدر AYF ضلع خوشاب مولانا شکیل اصغر نے تمام احباب جماعت کی طرف سے میاں بلال صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں میاں بلال نے تمام احباب جماعت کا اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں ان شاء اللہ اپنے آباء کی روایات کو زندہ رکھوں گا۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ساتھ وابستہ کسی بھی فرد کو میری جب بھی ضرورت پڑے گی میں اس کے ساتھ تعاون کے لیے حاضر ہوں۔ علماء حضرات کتاب وسنت کی تبلیغ کو اپنا مشن بنائیں۔ مولانا سید نادر شاہ صاحب کی دعا سے اجلاس ختم ہوا۔
منجانب: حبیب الرحمن یزدانی‘ ناظم سیاسی امور ضلع خوشاب
رپورٹ: اجلاس جمعیۃ اساتذہ پاکستان
جمعیۃ اساتذہ پاکستان کی مرکزی کابینہ کا اجلاس مرکزی دفتر 106 راوی روڈ لاہور منعقد کیا گیا جس کی صدارت پروفیسر عتیق اللہ عمر نے کی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر عطاء الرحمن ظہیر مصروفیات کے باعث شرکت نہ کر سکے لہٰذا اجلاس کی کارروائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خلیل الرحمن ثاقب نے سنائی۔ اجلاس کا آغاز محمد طارق جاوید کی تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر درج ذیل فیصلے کیے گئے: (۱) آئندہ اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل مرکزی صدر کی مشاورت سے بلائیں گے‘ اس کا ایجنڈا جاری کرنا اور رابطے کرنا بھی ان کے ذمہ درای ہو گی۔ (۲) مرکز کی گاڑی ماہ اکتوبر میں خریدی جائے گی جس کے لیے اراکین کابینہ نے فنڈ کے وعدے کیے باقی فنڈ اضلاع اور ذاتی رابطوں سے پورا کریں گے۔ (۳) مالیات کا سارا نظام مرکزی ناظم مالیات جناب ثناء الرحمن بھٹہ طے کریں گے۔ ایک جوائنٹ اکاؤنٹ صدر‘ سیکرٹری جنرل اور سیکرٹری مالیات کے دستخط سے کروایا جائے گا۔ (۴) تیسرا تنظیمی‘ تبلیغی اور تفریحی دورہ سوات 27 تا 30 جولائی ہو گا جس کی نگرانی پروفیسر حافظ عثمان ظہیر کریں گے۔ ثناء الرحمن بھٹہ اور خلیل الرحمن ثاقب معاونت کریں گے۔ (۵) مرکزی بیت المال کا قیام اور چھوٹی گاڑی کی خریداری ملتوی کر دی گئی۔ (۶) تمام اراکین کابینہ آئندہ میٹنگ میں اپنے اپنے شعبہ کی تحریری کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔(۷) اجلاس میں جن اساتذہ رہنماؤں نے مختلف تجاویز پیش کیں ان میں پروفیسر امان اللہ بھٹی‘ پروفیسر عثمان ظہیر‘ فیض اللہ غوری‘ حافظ عطاء الرحمن عامر‘ ڈاکٹر محمد عباس طور‘ محمد اسلم مجاہد‘ محمد طارق جاوید‘ عبدالواحد ندیم شامل ہیں۔ اجلاس میں ثناء الرحمن بھٹہ‘ قاری ربنواز‘ حکیم حامد اللہ کمیرپوری‘ پروفیسر عتیق الرحمن عزیز‘ ڈاکٹر عبدالرحیم اشرف‘ ڈاکٹر عبدالرزاق ظہیر نے شرکت کی۔ (۸) تمام عہدیداروں کو ان کی ذمہ داری کے مطابق تقرر لیٹر بھی دیئے گئے۔
فیض اللہ خاں غوری پریس سیکرٹری جمعیۃ اساتذہ پاکستان
رمضان المبارک میں دروس قرآن
مرکزی جمعیت اہل حدیث تحصیل کوٹ رادھا کشن کے زیر اہتمام تحصیل بھر کی مساجد میں رمضان المبارک کے دوران دروس قرآن کے پروگرام رکھے گئے جن میں درج ذیل علماء کرام تشریف لائے اور دروس قرآن کا شرف حاصل کیا۔  (۱) میاں محمد یوسف ربانی امیر تحصیل رادھا کشن (۲) حافظ حسن محمود کمیر پوری آف پتوکی (۳) قاری محمد صدیق شاکر ناظم ضلع قصور (۴) میاں محمد عبداللہ طاہر ناظم نشر واشاعت ضلع قصور (۵) مولانا علی معاذ خطیب لاہور (۶) قاری تاج دین شاکر نائب امیر ضلع قصور (۷) قاری محمد یعقوب نائب امیر ضلع آف رتی پنڈی (۸) قاری حاجی محمد ابوبکر حسین آف کوٹلی رائے ابوبکر (۹) قاری احمد یار بھٹوی (۱۰) مولانا محمد مرتضی آف بندال (۱۱) سید حبیب الرحمن مشہدی آف بھمبہ کلاں (۱۲) مولانا محمد حنیف محمدی (۱۳) حافظ لیاقت علی (۱۴) مولانا محمد اکبر ساقی (۱۵)  پروفیسر حافظ محمد ارشد (۱۶) قاری محمد نعیم (۱۷) قاری محمد زبیر خان ناظم مساجد (۱۸) فیض اللہ خان غوری ناظم تحصیل رادھا کشن (۲۰) قاری عبدالرحمن ضیاء۔ جامع مسجد مبارک اہل حدیث کوٹ رادھا کشن میں خصوصی طور پر جناب پروفیسر عتیق اللہ عمر صدر جمعیۃ اساتذہ تشریف لائے‘ پر تکلف افطاری محمد مشتاق احمد انصاری (ناظم سیاسی امور) نے دی۔ امیر سٹی خالد سیف اللہ‘ چوہدری ثناء اللہ‘ میاں محمد اشرف‘ چوہدری محمد صدیق بھٹی‘ چوہدری لیاقت علی بھٹی چیئرمین خدمت خلق محمد شفیق موہل‘ حافظ زاہد عمران‘ شیخ حاجی ارشاد‘ تنویر احمد گجر اور پروفیسر اکرام ظہیر خدمت میں پیش پیش رہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سب بھائیوں کی خدمت کو قبول فرمائے اور سب گھروں میں برکت د ے۔ آمین!
منجانب: فیض اللہ خان غوری‘ ناظم تحصیل کوٹ رادھا کشن
ماہانہ درس قرآن
دار العلوم تقویۃ الاسلام ’’مدرسہ غزنویہ‘‘ ۴۔ شیش محل روڈ لاہور میں مورخہ 15 جولائی 2019ء بروز پیر بعد نماز مغرب مولانا حافظ عبدالغفار مدنی شیخ الحدیث جامعہ محمدیہ اوکاڑہ درس قرآن ارشاد فرمائیں گے۔ ان شاء اللہ! شرکت فرما کرا پنے قلوب کو منور فرمائیں اور دیگر احباب کو بھی شرکت کی دعوت دیں۔ شرکاء کے لیے کھانے اور مستورات کے لیے پردہ کا انتظام ہو گا۔ ان شاء اللہ!
الداعی: سید جنید غزنوی‘ مہتمم دار العلوم تقویۃ الاسلام لاہور
دعائے مغفرت
جناب حافظ نعمان طور ناظم مالیات AYF تحصیل تاندلیانوالہ خطیب جامع مسجد اہل حدیث رحمے شاہ کی خوشدامن قضائے الٰہی سے انتقال کر گئی ہیں۔ مرحومہ نیک خاتون تھیں‘ دعائے مغفرت کے لیے درخواست ہے۔
شریک غم: ڈاکٹر محمد عباس طور‘ تانلیانوالہ


No comments:

Post a Comment

شرعی احکام سے آگاھی کے حصول کیلئے سبسکرائب کریں

تحریری میسج کریں

Name

Email *

Message *

استمع تلاوة القرآن الكريم

تازہ خطبہ جمعۃ (پنجابی)